ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی تقریر میں یہ اعلان کیا کہ وہ نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے موجودہ جنگوں کو ختم کریں گے۔
ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ آج ہم نے تاریخ بنائی ہے اور امریکا نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر حملہ، تیسری عالمی جنگ کا آغاز؟
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکی عوام نے ایسی کامیابی کبھی نہیں دیکھی اور یہ ایک بہت بڑی سیاسی جیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنائیں گے اور امریکا دوبارہ عظیم بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ باقی سوئنگ اسٹیٹس میں جیت کر 315 الیکٹورل ووٹ حاصل کریں گے اور اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ کوئی نئی جنگ نہیں شروع کریں گے بلکہ موجودہ جنگوں کو ختم کریں گے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ٹرمپ نے 538 میں سے 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ کملا ہیریس کو 226 ووٹ ملے ہیں۔ ٹرمپ نے امریکا کی 50 ریاستوں میں سے 27 میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کملا ہیریس 19 ریاستوں میں جیتی ہیں۔
ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز 188 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ڈیموکریٹس کو 160 نشستیں ملی ہیں۔ سینیٹ میں بھی ری پبلکنز نے اکثریت حاصل کی ہے جہاں ان کے پاس 100 رکنی ایوان میں 51 نشستیں ہیں جبکہ ڈیموکریٹس کے پاس 43 نشستیں ہیں۔