رخ پاکستان: یونان کے ساحلی علاقے میں ایک کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ہفتے کے روز یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ یونانی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ اس حادثے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے، 40 افراد لاپتا ہیں اور 39 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کے چند گھنٹوں میں شام پر 60 سے زائد حملے
خبر کے مطابق کشتی میں زیادہ تر پاکستانی موجود تھے، اور لاپتا افراد کو تلاش کرنے کے لیے امدادی کام جاری ہیں۔
پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی اموات پر دکھ کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کریں گے، اور کمیٹی 5 دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک جرم ہے، اور مافیا نے کئی خاندانوں کی زندگیاں تباہ کی ہیں۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ملک بھر میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرنے کا حکم دیا ہے۔