رخ پاکستان: چین کے مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے انعامات جیتنے کے لیے ایک ایسا طریقہ اپنایا جو بہت حیران کن تھا۔ اس شخص نے 400 سے زائد اسمارٹ فونز کو بیک وقت استعمال کرتے ہوئے لائیو اسٹریمز کے ذریعے انعامات جیتنے کی کوشش کی، جسے اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق، اس شخص کا نام ما ہے (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا)، اور وہ صوبے جیانگسو کی ایک رہائشی عمارت کے چھوٹے گیراج میں یہ سرگرمیاں کرتا تھا۔ کچھ ہفتے قبل ایک بزرگ شخص نے گیراج میں غیر معمولی سرگرمیاں دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے اسے حراست میں لیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں نان کسٹم پیڈ گاڑی کیسے چند لاکھوں میں خرید سکتے ہیں؟
تفتیش کے دوران، ما نے بتایا کہ اس نے اپنے تمام فونز کو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے جوڑ رکھا تھا تاکہ وہ زیادہ لکی بیگ جیت سکے۔ چین میں اس طرح کے انعامی مقابلوں میں ایک فون سے صرف ایک پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔ ما نے اس طریقے سے مختلف انعامات جیتے، جیسے نئے آئی فون، پرنٹرز اور دیگر اشیاء، جو وہ پھر سستے داموں فروخت کرتا تھا۔
ما نے بتایا کہ وہ اس طریقے سے ماہانہ 10 سے 20 ہزار یوان (پاکستانی روپے میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار سے 7 لاکھ 71 ہزار) کما رہا تھا۔ اس نے فونز میں سم کارڈز کا استعمال نہیں کیا، بلکہ آن لائن مختلف اکاؤنٹس خریدے تھے۔
چونکہ اس کے اس طریقے میں دیگر افراد کی ذاتی معلومات استعمال کی جا رہی تھیں، پولیس نے اسے غیر قانونی قرار دیا۔ چینی قوانین کے تحت اس جرم کی سزا تین سال قید یا جرمانہ ہو سکتی ہے۔