رخ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات، شیخ وقاص اکرم نے وفاقی حکومت کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل سے سول نافرمانی تحریک شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے حوالے سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اب تک مذاکراتی کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی گئی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت معاملات کو بہتر کرنے کے بجائے مزید خراب کر رہی ہے، اور مرحلہ وار سول نافرمانی تحریک کل سے شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کا مذاکرات کی بات کرنے پر شکریہ ادا کیا لیکن کہا کہ ہم درخواست گزار نہیں کہ اسپیکر کے پاس درخواست جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بہن، علیمہ خان، نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کسی کمیشن کے قیام کا ارادہ نہیں رکھتی۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کل سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال پر عمل کیا جائے۔