رخ پاکستان: پاکستان کے معروف اینکر اور صحافی ارشاد بھٹی حالیہ دنوں اپنی دوسری شادی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ انہوں نے اس شادی کے پیچھے چھپی جذباتی وجوہات بھی شیئر کی ہیں۔
ارشاد بھٹی کی پہلی بیوی کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں، اور ان کے دو بچے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ ان کی پہلی بیوی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کبھی اپنے بچوں کی تصاویر عوام میں شیئر نہیں کرتے کیونکہ ان کی مرحومہ بیوی کو یہ پسند نہیں تھا۔ انہوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو عوامی نظروں سے دور رکھا۔ تاہم، دوسری شادی کے بارے میں بات کرنا اس لیے ضروری سمجھا کیونکہ لوگوں نے انہیں اس فیصلے پر مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں: نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے 2 ماہ بعد مناہل ملک کی سوشل میڈیا پر دوبارہ واپسی
ارشاد بھٹی نے کہا، “دوسری شادی کا فیصلہ میرے لیے بہت مشکل تھا، لیکن ضروری بھی تھا۔ میری پہلی بیوی کے انتقال کے بعد میں نے ایک دوست، بچوں کی ماں، اور دعاؤں کا سہارا کھو دیا تھا۔ میرے بچے چھوٹے تھے، اور میں نہیں چاہتا تھا کہ وہ ماں کے بغیر زندگی گزاریں۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے گھر کو ایک ایسی ہمدرد شخصیت کی ضرورت تھی جو ان کا اور ان کے بچوں کا خیال رکھ سکے۔ سابقہ اداکارہ سما راج، جو ان کی قریبی دوست ہیں، ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں۔ اگرچہ وہ ان سے شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے، لیکن سما راج کی بچوں کے ساتھ قربت اور ان کی شاندار شخصیت نے یہ فیصلہ آسان بنا دیا۔ انہوں نے سما راج کو ایک مذہبی اور بہترین خاتون قرار دیا۔
حال ہی میں ارشاد بھٹی کی دوسری شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس پر لوگوں نے انہیں مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ارشاد بھٹی یوٹیوب پر بھی مشہور ہیں۔ ان کے چینل پر 5 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں، اور ان کے تجزیے اور بلاگز بڑے پیمانے پر دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں۔