ویب سائٹ کےذریعے برطانیہ میں جھوٹی خبر پھیلا کر ہنگامے کروانے والا شخص لاہور سے گرفتار
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس سے پولیس نے فرحان آصف نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ گرفتار شخص ایک خبررساں ادارے کیلئے کام کرتا ہے اور اس نے برطانیہ میں 3 بچیوں کے قاتل کی شناخت کے حوالے سے ایک جعلی خبر نشر کی تھی۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کردیاگیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی وزیراعظم حزب اللہ کے نشانے پر،ڈرون اسرائیلی وزیراعظم کے گھر تک پہنچ گیا
اس حوالے سے صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے گرفتار ملزم فرحان آصف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں جعلی خبر کے نتیجے میں ہونے والے ہنگاموں میں ملوث لاہور کی ایک خبررساں ادارے کے ایڈیٹر فرحان آصف کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر “چینل ناؤ3” نامی ویب سائٹ پر ایک جھوٹی خبر شائع کی گئی تھی۔ اس خبر میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں ایک ڈانس کلب پر حملے کے ذمہ دار حملہ آور مسلمان پناہ گزین ہے اور اس کا نام علی الشکاتی ہے۔ اس خبر کے وائرل ہونے کے بعد برطانیہ اور آئرلینڈ میں شدید مظاہرے اور فسادات شروع ہو گئے تھے۔