پاکستان میں جیون ساتھی کی تلاش کے حوالے سے ایک حالیہ سروے میں دلچسپ نتائج سامنے آئے ہیں۔ گیلپ سروے کے مطابق، زیادہ تر لوگ اپنے خاندان سے مشورہ لیتے ہیں اور خواتین اس میں زیادہ شامل ہیں۔
سروے کے نتائج کے مطابق، 28 جون سے 10 جولائی 2024 کے دوران کیے گئے اس تحقیق میں 58 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ وہ اپنے والدین اور بہن بھائیوں سے سب سے زیادہ مشورہ لیتے ہیں۔ 26 فیصد لوگوں نے رشتہ داروں کا ذکر کیا، جبکہ 16 فیصد نے دوستوں سے مدد طلب کی۔ صرف 7 فیصد لوگوں نے پیشہ ور افراد سے مشورہ لیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیشہ ور افراد سے مدد لینے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں۔ 11 فیصد خواتین نے پیشہ ور مدد لی، جبکہ مردوں میں یہ شرح صرف 4 فیصد تھی۔
مزید پڑھیں: بازیابی کے بعد 2 سالہ بچے کا اغواکار کو چھوڑنے سے انکار، جذباتی مناظر
سروے میں شہری اور دیہی علاقوں کا موازنہ بھی کیا گیا۔ دونوں علاقوں میں زیادہ تر لوگوں نے اپنے خاندان سے مشورہ لیا۔ شہری علاقوں میں 58 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 57 فیصد لوگوں نے یہ کہا۔ شہری علاقوں میں دوستوں سے مدد لینے کا رجحان دیہی علاقوں کی نسبت زیادہ تھا، جہاں 18 فیصد لوگوں نے دوستوں سے مدد لی، جبکہ دیہی علاقوں میں یہ تعداد 14 فیصد تھی۔
ایک اور سوال کے جواب میں، 30 فیصد لوگوں نے کہا کہ انہوں نے شادی کے اشتہارات اخبارات میں پڑھے ہیں، جبکہ 70 فیصد نے اس سے انکار کیا۔ اسی طرح، 25 فیصد لوگوں نے موبائل ایپس اور آن لائن ویب سائٹس کے بارے میں سنا ہے، جبکہ 75 فیصد اس سے لاعلم تھے۔