اسرائیل فلسطین کے علاقوں سے اپنا قبضہ ختم کرے، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے حق میں ایک قرار داد منظور کی ہے۔ جس میں اسرائیل کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں سے اپنا قبضہ ختم کرے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل کا حزب اللہ کے وائرلیس سسٹم پر سائبر حملہ،1 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ قرارداد پاکستان اور ترکی کی مشترکہ کوششوں سے پیش کی گئی۔ جس کے حق میں 124 ممالک نے ووٹ دیا۔ 14 ممالک نے مخالفت کی جبکہ 43 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو غزہ اور مغربی کنارے کے علاقوں سے اپنا قبضہ ختم کرنا ہوگا۔
اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے اس قرارداد پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات دہشت گردوں کی حمایت کرنے کے مترادف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنرل اسمبلی کو یرغمال بنے 101 شہریوں کی بازیابی کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا۔ نہ کہ ایسے اقدامات کرنا جو 7 اکتوبر کے حملے کے ایک سال مکمل ہونے سے پہلے حمایت فراہم کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے ایک آپریشن کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ جاری ہے۔ جس میں اب تک 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔