پاکستان میں بنائی گئی سوزوکی ایوری کی لانچنگ تاریخ کا اعلان
پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقامی طور پر تیار کی گئی سوزوکی ایوری کو 12 اکتوبر 2024 کو لانچ کرے گی۔ یہ ایک مِنی ایم پی وی گاڑی ہے جو زیادہ فیچرز اور مناسب قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
مزید پڑھیں: سوزوکی بولان کی پروڈکشن ہمیشہ کیلئے بند ،سوزوکی بولان کا متبادل کیا؟
سوزوکی ایوری کا ڈیزائن باکس کی شکل کا ہے جس کی باڈی اونچی ہے اور ٹائر چھوٹے ہیں۔ اس کا ڈیزائن سوزوکی بولان سے ملتا جلتا ہے لیکن ایوری کا اندرونی ڈیزائن زیادہ جدید اور پائیدار ہے۔ اس میں ہائی ماؤنٹڈ ڈیش بورڈ لگایا گیا ہے جس میں جدید فیچرز شامل ہیں جو اسے بولان سے زیادہ لگژری بناتے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سوزوکی ایوری مختلف فیچرز اور آپشنز کے ساتھ آتی ہے۔ اس میں 660 سی سی کا انجن ہے جو 49 ہارس پاور اور 62 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ گاڑی شہری علاقوں اور ہلکے کاموں کے لیے بہتر ہے حالانکہ زیادہ طاقتور نہیں ہے لیکن روزمرہ کے استعمال کے لیے موزوں ہے۔
اگر گاڑی پر زیادہ وزن ہو تو اس کی کارکردگی کچھ کمزور ہو جاتی ہے۔ اس کا فیول ٹینک 37 لیٹر کا ہے اور یہ شہر میں 19 کلومیٹر فی لیٹر اور ہائی وے پر 21 کلومیٹر فی لیٹر ایندھن خرچ کرتی ہے۔
ابھی تک سوزوکی ایوری کی حتمی قیمت کا اعلان نہیں ہوا لیکن ذرائع کے مطابق اس کی قیمت تقریباً 26 لاکھ روپے ہوسکتی ہے جبکہ بولان کی قیمت 19 لاکھ 40 ہزار روپے ہے یعنی دونوں گاڑیوں کی قیمت میں تقریباً 6 لاکھ 60 ہزار روپے کا فرق ہوگا۔