یو اے ای دفتر میں خاتون ساتھی کے گال کو چھونے پر ملازم پر 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد
متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی میں کام کرنے والے عرب ملازم نے اپنی دفتری ساتھی خاتون کے گال چھوئے جس پر خاتون نے مقدمہ درج کروا دیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ کیس دبئی کی سول عدالت میں پیش ہوا۔ خاتون نے بتایا کہ جب وہ آفس میں اکیلی تھیں تو ان کے ساتھی ملازم نے آکر ان کے گالوں پر ہاتھ رکھا۔ خاتون نے کہا کہ اس حرکت سے وہ حیران رہ گئیں اور ان کا کام بری طرح متاثر ہوا۔
مزید پڑھیں: ہلسا نامی مچھلی بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کشیدگی کا باعث بنی،اہم وجوہات سامنے آگئیں
خاتون نے پہلے کمپنی کی انتظامیہ سے شکایت کی جس پر ملازم نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس خاتون کو اپنی بیٹی کی عمر کا سمجھتا ہے اس لیے گال چھونا اسے ایک عام بات لگا۔
خاتون نے 51 ہزار درہم ہرجانے کا دعویٰ کیا اور عدالت سے مطالبہ کیا کہ اس کی قانونی کارروائی کے اخراجات بھی ادا کیے جائیں اور ہرجانہ ادا نہ کرنے پر 5 فیصد سود بھی لگایا جائے۔
ابتدائی طور پر عدالت نے ملازم پر 2 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا۔ تاہم خاتون نے فوجداری عدالت سے دوبارہ رجوع کیا اور ہرجانے کی رقم بڑھانے کا مطالبہ کیا۔
فوجداری عدالت نے سول کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حرکت سے خاتون کی عزت نفس مجروح ہوئی اور وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں اس لیے ملازم کو 10 ہزار درہم جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔