گوجرانوالہ میں معمولی جھگڑے کے بعد بہن بھائی نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدار سنگھ میں پیش آیا۔
متوفیوں کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ 35 سالہ آسیہ کی پانچ سال پہلے طلاق ہو چکی تھی اور اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔ چھوٹے بھائی کے ساتھ معمولی جھگڑا ہوا اور بھائی نے طلاق کا طعنہ دیا جس سے دلبرداشتہ ہو کر آسیہ نے زہر کی گولیاں کھا لیں۔
مزید پڑھیں: پشاور: بھائی نے بہن کو قتل کرکے لاش نہر میں پھینک دی
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بڑی بہن کو گولیاں کھاتے دیکھ کر بھائی نے بھی ایک گولی چھین کر خود کھا لی۔ دونوں کو فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ قانونی کارروائی نہیں چاہتے تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔