فخر زمان کے بڑے بھائی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ فخر زمان نے اپنے پلیئر ایجنٹ سے تعلق ختم کر لیا ہے۔
گوہر زمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ بڑے بھائی کی حیثیت سے وہ تصدیق کرتے ہیں کہ فخر زمان اب اس کمپنی کا حصہ نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ اس کمپنی سے محمد رضوان اور بابر اعظم سمیت کئی اور کرکٹرز منسلک ہیں۔
مزید پڑھیں: فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے کی وجہ سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق فخر زمان نے مبینہ طور پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے کمپنی چھوڑ دی ہے کیونکہ پلیئر ایجنٹ نے پوسٹ کے لیے مناسب وقت کا انتخاب نہیں کیا۔ فخر زمان کے قریبی لوگوں کو شبہ ہے کہ یہ پوسٹ کسی اور کرکٹر کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی گئی جس سے فخر زمان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا اور نہ ہی وائٹ بال ٹیم میں جگہ ملی جبکہ اس سوشل میڈیا پوسٹ سے پہلے ان کا نام کپتانی کی دوڑ میں بھی شامل کیا جا رہا تھا۔