عدالت نے پوری دنیا کی دولت سے زیادہ گوگل کو جرمانہ کردیا

گوگل

روس کی ایک عدالت نے گوگل پر اتنا بڑا جرمانہ عائد کیا ہے جو پوری دنیا کی دولت سے بھی زیادہ ہے۔ عدالت نے گوگل پر 2.5 ڈیسلین ڈالرز جرمانہ لگایا ہے جو عالمی جی ڈی پی (100 کھرب ڈالرز کے قریب) سے بھی بہت زیادہ ہے۔

یہ جرمانہ ایک 4 سال پرانے کیس کا نتیجہ ہے۔ 2020 میں گوگل کے پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکی پابندیوں کی وجہ سے روسی چینل Tsargrad کو بلاک کر دیا تھا جس پر چینل نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ اس وقت عدالت نے گوگل پر 1 لاکھ روسی روبل کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آئی فون 17 پرومیکس کی لیکس نے صارفین کی بے چینی کو بڑھادیا

2022 میں جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو گوگل نے مزید روسی میڈیا اداروں پر پابندیاں لگا دیں۔ اب یوٹیوب پر 17 روسی میڈیا اداروں کے مواد پر پابندی عائد ہے جنہوں نے گوگل کے خلاف مزید ہرجانے کے مقدمات کیے۔

روس نے ان پابندیوں کے جواب میں گوگل کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے جس کے بعد گوگل نے روس میں اپنی شاخ کو دیوالیہ قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ گوگل نے روسی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے فوری طور پر روسی چینلز کو بحال کرنا ہوگا۔ 2020 سے جاری جرمانے میں ہر ہفتے اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے جرمانہ اتنا زیادہ ہو گیا ہے کہ یہ پوری دنیا کے جی ڈی پی سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔

گوگل کی 2023 میں مجموعی آمدنی 306 ارب ڈالرز تھی لہذا اس کے لیے یہ جرمانہ ادا کرنا ناممکن ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ روس میں ان کے اکاؤنٹس منجمد ہونے کی وجہ سے جرمانے عائد کیے گئے ہیں مگر انہیں نہیں لگتا کہ یہ مسئلہ ان کے مالی معاملات کو زیادہ متاثر کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں