ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف کی وطن واپسی،کوئی حکومتی نمائندہ استقبال کیلئے نہ آیا

محمد آصف

رخ پاکستان: کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے محمد آصف کا استقبال کیا لیکن وفاقی یا صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ نہیں آیا جس پر آصف نے افسوس کا اظہار کیا۔

محمد آصف نے قطر میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں ایرانی کھلاڑی کو شکست دے کر تیسری بار ورلڈ ٹائٹل جیتا تھا اور اب ان کی نظریں چوتھا ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ بنانے پر ہیں۔

مزید پڑھیں: 140 رنز کا ہدف، پاکستان کے لیے ون ڈے سیریز جیتنے کا سنہری موقع

ایئرپورٹ پر بات کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں کچھ مشکلات آئیں لیکن فارم میں آ کر کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پی بی ایس اے نے انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کی اور چیئرمین عالمگیر شیخ نے روانگی سے پہلے تیسری بار ٹائٹل جیتنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

آصف نے بتایا کہ قطر کے احمد سیف کے خلاف میچ خاصا مشکل تھا مگر اس میچ کو جیتنے کے بعد باقی راستے آسان ہو گئے۔

ایئرپورٹ پر حکومتی نمائندے کی عدم موجودگی پر محمد آصف نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ورلڈ چیمپئن کا استقبال کرنے کوئی نہیں آیا۔ اگر چیمپئنز کے ساتھ ایسا سلوک ہوگا تو نوجوان کھلاڑی کیسے حوصلہ پائیں گے؟

آصف نے حکومت سے درخواست کی کہ چیمپئن کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کے انعامات پر نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کا مقصد چوتھا ورلڈ ٹائٹل جیتنا ہے اور ایسا ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنے۔

بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات پر آصف نے کہا کہ ہمیشہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ملک میں جا کر کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں