رخ پاکستان: خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اپنے بچوں کو احتجاج میں شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے مقصد کے ساتھ مکمل وابستگی دکھائیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو جلسے میں شرکت کی ذمہ داری دے رہی ہیں اور عمران خان کو بھی اپنے بچوں کو لندن سے پاکستان بلانا چاہیے تاکہ احتجاج کامیاب ہو۔
مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کی ناراضگی کے باوجود حکومت کو خطرہ کیوں نہیں؟
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں، پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کو بھی احتجاج میں شامل کریں اور اب وہ مفت پر زندگی گزارنے کی عمر نہیں رہی کچھ خرچ خود بھی اٹھائیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ بشریٰ بی بی بھی اس احتجاج کی تیاریوں میں شامل ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی شخص اپنے ساتھ لوگوں کو احتجاج میں نہیں لا سکا تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔