اسرائیل کی لبنان میں فضائی بمباری، حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید

محمد عفیف شہید

رخ پاکستان: اسرائیلی فوج کی غزہ اور لبنان میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ حملے میں لبنان کے شہر بیروت میں حزب اللہ کے ترجمان محمد عفیف شہید ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت کے علاقے راس البنع پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں محمد عفیف شہید ہوگئے۔ محمد عفیف حزب اللہ کے میڈیا کے اہم ذمہ دار تھے اور بیروت میں موجود کئی صحافیوں کے لیے رابطہ افسر کے طور پر کام کرتے تھے۔

محمد عفیف سابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے میڈیا مشیر بھی رہ چکے تھے اور ان کا کردار تنظیم کے پیغامات کو مؤثر طریقے سے دنیا تک پہنچانے میں بہت اہم تھا۔ وہ المنار ٹی وی کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی کام کر چکے تھے اور صحافتی حلقوں میں ایک معروف نام تھے۔ وہ ہمیشہ یہ کوشش کرتے تھے کہ حزب اللہ کا پیغام عالمی میڈیا تک پہنچے اور اس مقصد کے لیے وہ صحافیوں کو جنوبی بیروت کے علاقوں میں بھی دورے کرواتے تھے.

مزید پڑھیں: اسرائیلی وزیراعظم کی ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی

اسرائیلی فوج نے بیروت کے علاقے داحیہ پر بھی بمباری کی ہے اور پچھلے 24 گھنٹوں میں لبنان پر 145 حملے کیے گئے ہیں۔

یہ بمباری اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نہ صرف غزہ بلکہ لبنان میں بھی عام شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اب تک 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں