رخ پاکستان:قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ فخر زمان کو فٹنس کے مسائل ہیں، لیکن اگر وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو گئے تو انہیں اگلی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹر اور عبوری کوچ کی ذمہ داری قبول کرنے کا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ وہ 20 سال سے کوچنگ کر رہے ہیں اور مستقبل میں وہ سلیکٹر یا کوچ میں سے ایک عہدہ منتخب کریں گے۔
آسٹریلیا کے دورے کی خامیوں کو سامنے رکھتے ہوئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بہترین ون ڈے ٹیم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستانی کنڈیشنز میں اسپن بولرز کا کردار اہم ہوگا۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو مواقع دے کر ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو اسٹرائیک ریٹ بڑھانے اور حالات کے مطابق کھیلنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ صائم ایوب نے ٹی20 کی نسبت ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں زیادہ اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ آسٹریلیا میں ٹی20 سیریز میں صائم کو موقع نہ دینے کی وجہ یہ تھی کہ وہ اس وقت 50 اوورز کے فارمیٹ میں زیادہ پریکٹس کر رہے ہیں۔