ہم فنڈ نہ دیں تو پاکستان کی کرکٹ تباہ ہو جائے، بھارتی اینکر کی بڑھک پر پاکستانی صحافی نے بولتی بند کردی

کرکٹ

رخ پاکستان: بھارتی میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی بھارتی کرکٹ بورڈ کے کہنے پر ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی اور بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے واضح کر دیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی صرف پاکستان میں ہوگی اور ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ہیڈکوچ نے فخر زمان کی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دے دیا

پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بھارت سے یہ وضاحت بھی طلب کی ہے کہ وہ پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیوں کر رہا ہے۔

اسی دوران بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پاکستانی صحافی حافظ عمران کو اپنے پروگرام میں مدعو کرکے بحث کر رہے ہیں۔ ارناب نے دعویٰ کیا کہ بھارت کرکٹ کا “باس” ہے اور کہا کہ اگر بھارت کے وزیراعظم فیصلہ کریں تو پاکستان کی کرکٹ ختم ہو جائے گی کیونکہ پاکستان کے پاس بھارت کو کنٹرول کرنے کی طاقت اور پیسہ نہیں ہے۔

اس پر حافظ عمران نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کوئی “باس” نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی سی سی کی فنڈنگ کسی ایک ملک سے نہیں آتی بلکہ یہ تمام ممالک کے درمیان ہونے والے میچز سے کمائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کو لگتا ہے کہ وہ خود کفیل ہے تو دنیا سے الگ ہو جائے اور صرف اپنے علاقوں یا ریاستوں کے ساتھ کرکٹ کھیلے۔

حافظ عمران نے مزید کہا کہ بھارت سمیت تمام کرکٹ بورڈز کاروباری شراکت دار ہیں اور سب ایک دوسرے کے ساتھ کرکٹ کھیل کر پیسہ کماتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی میڈیا پر الزام لگایا کہ وہ عوام کو غلط معلومات دیتا ہے اور حقیقت کو ماننے سے گریز کرتا ہے۔

جب بھارتی اینکر بار بار ان کی بات کاٹنے کی کوشش کرتے رہے تو حافظ عمران نے کہا کہ اگر آپ کو جواب پسند نہیں تو اس کا بھی حل موجود ہے لیکن سچائی یہی ہے کہ کرکٹ سب ممالک کے ساتھ مل کر کھیلی جاتی ہے اور یہ ایک مشترکہ کاروبار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں