روس کا یوکرین پر جنگی تاریخ میں پہلی دفعہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل حملہ

missile

رخ پاکستان: عالمی میڈیا کی خبروں کے مطابق، یوکرین کے ایک فوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرین پر حملے کے دوران آر ایس-26 نامی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) استعمال کیا ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس نے ایسا میزائل استعمال کیا جو بین البراعظمی میزائل کی خصوصیات رکھتا ہے۔

روس نے ابھی تک اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن حال ہی میں روس نے اپنی جوہری پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دیا تھا جس سے خطرناک اقدامات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ پہلا موقع ہوگا جب کسی ملک نے جنگ میں ICBM کا استعمال کیا ہو۔

بین البراعظمی میزائل جیسے آر ایس-26، جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور روس کی جوہری دفاعی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔ یوکرین کے ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق، آر ایس-26 Rubezh ایک ٹھوس ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے جس کی رینج 5,800 کلومیٹر ہے۔ اس میزائل کا وزن 36 ٹن ہے اور یہ 800 کلوگرام تک جوہری ہتھیار لے جا سکتا ہے۔

یہ میزائل 2012 میں پہلی بار کامیابی سے تجربہ کیا گیا تھا۔ تاہم امریکا اور روس کے جوہری معاہدے کے تحت آر ایس-26 کو ICBM کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے لیکن اگر یہ کم فاصلے پر بھاری وار ہیڈ کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اسے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں