13 سالہ کرکٹر آئی پی ایل کا حصہ بننے والا کم عمر ترین کھلاڑی بن گیا

ipl

رخ پاکستان: 13 سالہ بھارتی کرکٹر ویبھوو سوریاونشی آئی پی ایل کا حصہ بننے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

آئی پی ایل 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی دو روزہ تقریب سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوئی جہاں ٹیموں نے بہترین کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بڑی رقم خرچ کی۔ اس دوران راجستھان رائلز نے ویبھوو سوریاونشی کو 1 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا جس کے ساتھ وہ آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کے لیے خریدے جانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

اس نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کو 27 کروڑ روپے میں خریدا جو آئی پی ایل تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔

مزید پڑھیں: ہم فنڈ نہ دیں تو پاکستان کی کرکٹ تباہ ہو جائے، بھارتی اینکر کی بڑھک پر پاکستانی صحافی نے بولتی بند کردی

ویبھوو سوریاونشی 27 مارچ 2011 کو بہار کے گاؤں تاجپور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 4 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کیا اور 9 سال کی عمر میں اپنے والد کی مدد سے ایک کرکٹ اکیڈمی میں داخلہ لیا۔

جنوری 2024 میں صرف 13 سال کی عمر میں ویبھوو نے بہار کے لیے رانجی ٹرافی میں ممبئی کے خلاف فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بھارت کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں آسٹریلیا انڈر 19 ٹیم کے خلاف شاندار سنچری بنائی۔

62 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کے ساتھ، ویبھوو یوتھ ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ وہ یوتھ ٹیسٹ فارمیٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے والے اور بھارت کے لیے سب سے تیز سنچری بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

آئی پی ایل 2025 کا 18واں سیزن مارچ سے مئی کے درمیان ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں