رخ پاکستان: بھارت میں ڈاکٹرز کی لاپرواہی کی وجہ سے ایک خاتون کے پیٹ میں تولیہ رہ گیا، جس کا انکشاف کئی ماہ بعد ہوا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع کچمان کے سرکاری اسپتال میں پیش آیا، جہاں ایک حاملہ خاتون ڈیلیوری کے لیے داخل ہوئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق تین ماہ پہلے آپریشن کے ذریعے خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی لیکن اس دوران ڈاکٹرز کی غفلت کے باعث سرجری کا تولیہ ان کے پیٹ میں ہی رہ گیا۔ آپریشن کے ٹانکے تو ٹھیک ہوگئے لیکن خاتون مسلسل پیٹ میں درد کی شکایت کرتی رہیں۔ انہوں نے سرکاری اور نجی اسپتالوں سے علاج کروایا مگر کوئی فائدہ نہ ہوا۔
مزید پڑھیں:بچے نے پولیس کو ایمرجنسی نمبر پر فون کرکے عجیب مدد طلب کی جو اسے مل بھی گئی
آخرکار ایک ڈاکٹر کے مشورے پر انہوں نے سی ٹی اسکین کروایا، جس سے معلوم ہوا کہ ان کے پیٹ میں گٹھلی جیسی کوئی چیز موجود ہے۔ بعد میں جودھ پور کے ایک اسپتال میں مزید معائنہ کیا گیا جہاں پتہ چلا کہ ایک چھوٹا سرجیکل تولیہ ان کی آنتوں کے درمیان پھنسا ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر آپریشن کرکے تولیہ نکال دیا۔
کامیاب سرجری کے بعد خاتون کے خاندان نے اسپتال کی لاپرواہی پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور راجستھان ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے انتظامیہ نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔