ذوالفقار بھٹو کے بعد عمران خان کے خلاف بھی قتل کا مقدمہ درج

imran khan

رخ پاکستان: اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ عمران خان دوسرے سابق وزیراعظم ہیں جن پر قتل کا مقدمہ درج ہوا ہے۔ اس سے پہلے 1974 میں ذوالفقار علی بھٹو پر بھی قتل کا مقدمہ بنایا گیا تھا جس کے بعد انہیں پھانسی دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: آخری کارڈ باقی ہے ابھی استعمال نہیں کروں گا، عمران خان

عمران خان پہلے ہی کئی دوسرے مقدمات کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان پر نیا مقدمہ سری نگر ہائی وے پر ہونے والے واقعے کی بنیاد پر درج ہوا ہے جہاں ایک گاڑی کی ٹکر سے تین رینجرز اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ہوا اور گاڑی کا ڈرائیور مبینہ طور پر عمران خان اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے کہنے پر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنا رہا تھا۔

یہ مقدمہ رمنا پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا جس میں قتل (دفعہ 302)، قتل کی کوشش (دفعہ 324)، دہشت گردی اور مجرمانہ سازش (دفعہ 120 بی) سمیت کئی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق، یہ حادثہ جان بوجھ کر کیا گیا، لیکن بعض وکلاء اور پراسیکیوشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک ٹریفک حادثہ لگتا ہے، اور مقدمہ دفعہ 322 (غیر ارادی قتل) کے تحت درج ہونا چاہیے تھا۔

وکلاء نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ڈرائیور واقعی نشے میں تھا، تو بھی یہ حادثہ غیر ارادی سمجھا جائے گا اور دفعہ 322 لاگو ہوگی۔ اس معاملے پر مزید تحقیقات جاری ہیں، اور ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے جون 2023 میں بلوچستان پولیس نے عمران خان کے خلاف ایک وکیل کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، لیکن اگست 2023 میں وہ اس کیس سے بری ہو گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں