رخ پاکستان: ایپل کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا گیا ہے، جس میں کمپنی پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی ذاتی معلومات اور آلات کی غیر قانونی نگرانی کرتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ایپل ملازمین کو ان کے تنخواہ یا کام کے حالات پر بات کرنے سے روکتا ہے اور ان کے ذاتی آلات اور آئی کلاؤڈ اکاؤنٹس کی نگرانی کرتا ہے۔ یہ مقدمہ امر بھکتا نامی ایک سابق ملازم نے کیلیفورنیا کی عدالت میں دائر کیا ہے، جنہوں نے 2020 تک ایپل کے لیے کام کیا تھا۔
مزید پڑھیں: آئی فون 17 پرومیکس کی لیکس نے صارفین کی بے چینی کو بڑھادیا
امر بھکتا کا دعویٰ ہے کہ ایپل ملازمین سے کہتا ہے کہ وہ اپنے ذاتی آلات پر ایسا سافٹ ویئر انسٹال کریں، جس کے ذریعے ایپل کو ان کے ای میل، تصاویر، صحت کا ڈیٹا، اور دیگر معلومات تک رسائی ملتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں پوڈکاسٹ پر اپنی ملازمت کے بارے میں بات کرنے سے روکا گیا اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنے لنکڈ ان پروفائل سے ملازمت سے متعلق معلومات ہٹا دیں۔
مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایپل کی یہ پالیسیاں ملازمین کی آزادی، ان کے حقوق، اور اظہار رائے پر پابندی عائد کرتی ہیں، جو غیر قانونی ہے۔ اس کے علاوہ، ان پالیسیوں کے ذریعے ملازمین کو کام کے دوران کسی بھی مسئلے پر بات کرنے یا کمپنی کے راز افشا کرنے سے بھی روکا جاتا ہے۔