رخ پاکستان: شام میں باغی گروپ “حیات التحریر الشام” کے قبضے کے بعد سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے ہیں۔ بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد، اس گروپ نے سرکاری عمارتوں اور ہوائی اڈوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں: بشار الاسد کا طیارہ روس جاتے ہوئے ریڈار سے غائب، حادثے میں مارے جانے کی متضاد اطلاعات
ذرائع کے مطابق، ہوائی اڈہ بند ہونے کی وجہ سے تقریباً 250 پاکستانی زائرین شام میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ شام ونگز کے کنٹری ہیڈ طارق سمیع اللہ نے بتایا کہ باغیوں کے قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند ہو گیا، جس کی وجہ سے لاہور کے لیے آج کی پرواز منسوخ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، 11 دسمبر کو کراچی کے لیے بھی فلائٹ کینسل کر دی گئی ہے۔
زائرین نے کہا کہ شام ونگز کے تحت تمام پروازوں کا شیڈول ابھی تک واضح نہیں کیا گیا ہے، اور دمشق کے علاقے سیدہ زینب میں ہوائی فائرنگ کی وجہ سے زائرین میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے عراق اور شام کا سفر کرتے ہیں۔