رخ پاکستان: آئی ایم ایف کی جانب سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ کی منظوری کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے ) کے بین الاقوامی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے یہ چھوٹ پاکستانی حکومت کی درخواست پر دی گئی۔ چھوٹ سے مسافروں کو کافی حد تک بچت ہو سکتی ہے اور امریکا جانے والی پروازوں کے ٹکٹ پر تقریبا ساڑھے 3 لاکھ روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: 26 ویں ترمیم میں وعدہ خلافی پر کارکنان احتجاج کیلئے تیار رہیں، جمعیت علمائے اسلام کی ہدایت
افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی پروازوں کے کرایوں میں ایک لاکھ 5 ہزار روپے جبکہ یورپ،نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور مشرق بعید کی پرواز کے کرائے میں 2 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی بڑی بچت ہو سکتی ہے جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی یہ چھوٹ صرف غیر ملکی ٹکٹوں پر لاگو ہوگی۔جبکہ 2024 کے بجٹ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ہوائی سفر پر اضافی 56 ارب روپے عائد کیے گئے تھے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کو نئے طیاروں کی خریداری یا لیز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس معافی کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی مالی حالت کو بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف نے منفی ایکٹیویٹی کیلئے 46 ارب روپے کی منتقلی پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان اقدام کی وجہ سے آپریشنل اخراجات میں کمی آئے گی اور ممکنہ سرمایہ کار بھی پی آئی اے کی جانب راغب ہوں گے۔