ہماری حکومت موجودہ حکومت کو بہاکر لے جائے گی، محمود اچکزئی نے خبردار کر دیا

mehmood achackzai

رخ پاکستان: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے پی ٹی آئی اور عمران خان کسی کو پسند ہوں یا نہ ہوں، لیکن قوم نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ اگر حکمران اپنی ضد پر قائم رہے تو عوام کے پاس جانا پڑے گا، اور ہماری تحریک حکومت کو ہٹا دے گی۔ انہوں نے 8 فروری کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک کمیٹی بننی چاہیے جو موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کا فیصلہ کرے اور نئے انتخابات کا انعقاد کرایا جائے۔

مزید پڑھیں: ارکان قومی اسمبلی اور وزرا کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے کا اضافہ، بل منظور

محمود اچکزئی نے کہا کہ عوام میں اس وقت شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ نواز شریف کو اپنے بھائی شہباز شریف اور پارٹی کو سمجھانا چاہیے کہ وزارت عظمیٰ کا شوق پورا ہو چکا، اب اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں محمود اچکزئی نے تجویز دی کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، کیونکہ ہمیں اپنے ججز پر اعتماد کرنا چاہیے۔ محمود اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ نے 77 سالوں میں جو غلطیاں کی ہیں، ان کا خمیازہ آج ملک بھگت رہا ہے، اور آئین کی بالادستی کو کبھی تسلیم نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں