رخ پاکستان: سرکاری اسپتالوں کی مفت دوائیں چوری کرکے میڈیکل اسٹورز کو فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے حکام کے ساتھ سوہاوہ کے قریب ایک گودام پر چھاپا مارا، جہاں سے بڑی مقدار میں چوری شدہ ادویات برآمد ہوئیں۔ یہ ادویات سرکاری اسپتالوں کے لیے تھیں اور غریب مریضوں میں مفت تقسیم کی جانی تھیں۔
مزید پڑھیں:
ذرائع کے مطابق ملزم یہ دوائیں سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کی مبینہ ملی بھگت سے میڈیکل اسٹورز کو فروخت کرتا تھا۔ برآمد شدہ ادویات کی مالیت 30 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔
صوبائی وزیر نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ گرفتار ملزم کے ساتھ ساتھ اس کام میں ملوث ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی ادویات چوری کرکے فروخت کرنے والے اس گروہ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔