رخ پاکستان: تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے ایک بار پھر اپنے دو اہم مطالبات کی منظوری کے لیے اتوار تک کی مہلت دے دی ہے اور کہا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کریں گے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی سے مذاکرات نواز شریف کی اجازت اور اسٹیبلشمنٹ کو اعتماد میں لیکر کئیے جائیں گے
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی عدالتی تحقیقات اور بے گناہ کارکنوں کی فوری رہائی کے مطالبات دہرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتوار تک کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو عمران خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کریں گے کہ وہ پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنا بند کر دیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کو یہ احساس دلانے کے لیے یہ قدم ضروری ہے کہ ظلم کرنے والوں کے خلاف عوام بھی اپنی طاقت دکھا سکتے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہنے کی تلقین کی ہے اور کبھی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے پر نہیں اکسایا، لیکن اس کے باوجود 26 تاریخ کو ان کے کارکنوں پر اسنائپرز رائفل سے فائرنگ کی گئی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ان کے بہت سے کارکن لاپتہ ہیں، اور ان کے اہلِ خانہ کو کچھ پتہ نہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر گولی چلانا درست ہے؟
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی اپیل میں اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اس قسم کی کال اس لیے دے رہے ہیں تاکہ مزید کسی کی جان نہ جائے اور حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔ عمران خان نے ایک بار پھر عدالتی کمیشن کے قیام اور گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔