رخ پاکستان: وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو کرم میں امن قائم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یہ ملاقات وزیراعلیٰ آفس پشاور میں ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ کا پشاور آمد پر خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے بات چیت کی۔
مزید پڑھیں: مجھے بھی سنا جائے،سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کا مشورہ میں نے ہی دیا تھا، شاہ محمود قریشی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرم میں امن کی بحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا ہمارے لیے عظمت کی علامت ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں کبھی نہیں بھلائی جا سکتیں اور ہم مل کر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے۔