وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوجوانوں کو روزگار کیلئے 3 کروڑ تک قرض دینے کا اعلان

maryam nawaz

رخ پاکستان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے، اور اس سال 30 ہزار طلبہ کو اسکالرشپ دی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں “ہونہار اسکالرشپ پروگرام” کی تقریب کے دوران چیک تقسیم کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آئندہ سال 50 ہزار اسکالرشپ دینے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد اسکالرشپ طالبات کو دی گئی ہیں، جو ایک اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پنجاب حکومت نے نجی جامعات کے طلبہ کو بھی اسکالرشپ دینے کا آغاز کیا ہے۔ مریم نواز نے ہونہار طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ طلبہ کا حق تھا، اور حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے۔

اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف تنقید اور پروپیگنڈا کرتے ہیں، جبکہ ہم جدید تعلیم، جیسے اے آئی اور سائبر سیکیورٹی، کے میدان میں طلبہ کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

انہوں نے جلد ہی لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے اور چینی کمپنیوں کے تعاون سے پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کے مینوفیکچرنگ پلانٹس لگانے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال ایک لاکھ نوجوانوں کو الیکٹرک موٹر سائیکل فراہم کرنے کا ہدف ہے۔

مریم نواز نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار پر غور کریں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ توڑ پھوڑ، گالم گلوچ، اور بدتمیزی طلبہ کو زیب نہیں دیتی اور سیاست کے نام پر غریبوں کے بچوں کو ایسے کاموں میں جھونکنا ناانصافی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں