رخ پاکستان: فیصل آباد کے علاقے ماموں کانجن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر سے جھگڑے کے بعد بیوی نے غصے میں مویشیوں کو زہر دے دیا۔ اس واقعے کے نتیجے میں 3 بھینسیں اور 1 گائے ہلاک ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ ایک دیہی علاقے میں پیش آیا، جہاں ظفر اقبال نامی شخص کے 4 مویشی زہر سے ہلاک ہو گئے۔ ظفر اقبال نے اپنی بیوی پر الزام لگایا ہے کہ شوہر سے جھگڑے کے بعد اس نے انتقامی طور پر یہ قدم اٹھایا۔ ہلاک ہونے والے مویشیوں کی مالیت تقریباً 12 لاکھ روپے تھی۔
ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی مویشی فروخت کرکے اپنی پہلی شادی سے بچوں کی مالی مدد کرنا چاہتی تھی، جس پر دونوں کے درمیان تنازع پیدا ہوا۔ واقعے کے بعد خاتون گھر چھوڑ کر نامعلوم مقام پر چلی گئی۔
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور خاتون کی تلاش جاری ہے۔