رخ پاکستان: کراچی میں مرغی کا گوشت، انڈوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر کمشنر کراچی نے سخت ایکشن لیا ہے۔ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 5 فلموں کی فہرست جاری
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری قیمتوں کی فہرست پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ جو دکاندار مقررہ قیمتوں سے زیادہ وصول کر رہے ہیں، انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کی دکانیں سیل کی جائیں۔
یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھا گیا۔ کراچی، پشاور، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مرغی کا گوشت 740 سے 800 روپے فی کلو تک پہنچ گیا تھا، حالانکہ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 410 روپے اور انڈوں کی قیمت 300 روپے فی درجن مقرر تھی۔ اس کے برعکس، ہول سیل مارکیٹ میں زندہ مرغی 480 روپے اور انڈے 380 روپے فی درجن فروخت ہو رہے تھے۔
کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔