بغیر ڈرائیور کے مختلف رکاوٹوں کو اُچھل کر عبور کرنیوالی چینی سپر کار توجہ کی مرکز بن گئی

chinise super car

رخ پاکستان: چین کی معروف الیکٹرک کار کمپنی BYD نے اپنی نئی پریمیئم الیکٹرک سُپر کار “یینگ وینگ 9U” کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں یہ گاڑی بغیر ڈرائیور کے مختلف رکاوٹوں کو اُچھل کر عبور کرتی دکھائی دیتی ہے۔ یہ خاص صلاحیت اس گاڑی کو بہت دلچسپ اور منفرد بناتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ گاڑی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ گاڑی ایک سڑک پر موجود رکاوٹوں کو عبور کرتی ہے، جن میں ایک پانی سے بھرا ہوا 2.5 میٹر لمبا گڑھا اور 3.5 سینٹی میٹر کی کیلیں شامل تھیں۔ گاڑی ان رکاوٹوں کو آسانی سے اُچھل کر عبور کر لیتی ہے۔

یینگ وینگ 9U کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا ہائیڈرولک سسٹم اور ڈیسیس ایکس سسپنشن ہے، جو اسے رکاوٹوں کو اُچھل کر عبور کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ اس کے علاوہ، اس گاڑی میں ایڈوانس ڈرائیور اسسٹنس سسٹم (ADAS) بھی موجود ہے، تاہم اس کی مکمل تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔ اس کی ترقی میں DJI اور Horizon Robotics جیسی کمپنیوں کی معاونت حاصل کی گئی ہے، جو اس کی خودکار خصوصیات کو مزید بہتر بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔

یہ گاڑی 960 کلو واٹ (1287 ہارس پاور) کی طاقت اور 1680 نیوٹن میٹر ٹارک کے ساتھ چلتی ہے، جس کی وجہ سے یہ صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار 2.36 سیکنڈ میں حاصل کر لیتی ہے۔ مزید یہ کہ یہ 400 میٹر کی ڈریگ ریس 9.78 سیکنڈ میں مکمل کر سکتی ہے، جو اسے دنیا کی تیز ترین الیکٹرک سُپر کاروں میں شامل کرتی ہے۔

یینگ وینگ 9U دوہری چارجنگ کو سپورٹ کرتی ہے، یعنی ایک وقت میں دو چارجنگ گنز استعمال کی جا سکتی ہیں۔ اس گاڑی کی قیمت 1.68 ملین یوآن (تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر) رکھی گئی تھی اور اس کی پروڈکشن اگست 2024 سے شروع ہو چکی ہے۔

یہ گاڑی مستقبل کی ٹیکنالوجی کا ایک نمونہ پیش کرتی ہے اور الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ یینگ وینگ 9U اگلے چند سالوں میں الیکٹرک سُپر کار کی دنیا میں ایک بڑا نام بننے والی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں