بھارتی ٹیم پچ کی بجائے اپنی کارکردگی پر بھروسہ کرتی ہے، نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ

indian cricket board vice president

رخ پاکستان: بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گفتگو کے دوران کہا کہ بھارتی ٹیم پچ پر نہیں، اپنی کارکردگی پر بھروسہ کرتی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق، راجیو شکلا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا اور چائے بھی پی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025، پاکستان کرکٹ ٹیم سمیت دیگر کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟ اعلان کر دیاگیا

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم حکومت کی اجازت نہ ملنے کے باعث پاکستان نہیں آئی، تاہم ہائبرڈ ماڈل کارآمد ثابت ہوا ہے، جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان میچز ممکن ہو رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بی سی سی آئی کو بھارت کی حکومت سے اجازت نہیں ملتی، دونوں ممالک کی ٹیمیں آپس میں کرکٹ نہیں کھیل سکتیں۔

راجیو شکلا نے پاکستان آمد کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ہے، اور اس ٹورنامنٹ کے فائنل کے حوالے سے پہلے ہی فیصلہ ہو چکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے، جبکہ بھارتی ٹیم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کھیلتی ہے، نہ کہ پچ کے سہارے۔

راجیو شکلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کئی سال بعد پاکستان میں آئی سی سی کا ٹورنامنٹ منعقد ہوا، اور اس کو نہایت اچھے انداز میں آرگنائز کیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل دیکھنے کے لیے گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، راجیو شکلا 6 مارچ کو بھارت واپس جانے سے قبل دو دن پاکستان میں قیام کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں