رخ پاکستان: وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، حکومت نے پراپرٹی کی پہلی ٹرانزیکشن پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کے تحت پہلی خریداری پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ دی جا سکتی ہے، جبکہ اس کے بعد ہونے والی ہر پراپرٹی ٹرانزیکشن پر مکمل ٹیکس لاگو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے گریجوایٹ انٹرن شپ پروگرام 2025 کا اعلان کر دیا۔
پراپرٹی فروخت کرنے والوں پر پہلے سے موجود ٹیکس کی شرح برقرار رہے گی، جبکہ آئی ایم ایف نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں دیگر ٹیکسوں میں کمی کی مخالفت کی ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی سیکٹر میں ودہولڈنگ ٹیکسز بدستور نافذ رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کا ایک اور وفد جلد پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے، جس میں مالی سال 26-2025 کے بجٹ پر مشاورت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان ورچوئل بات چیت بھی جاری رہے گی، تاکہ نئے مالی سال کے بجٹ اہداف طے کیے جا سکیں۔ بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔