رخ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ یہ نامزدگی پاکستان ورلڈ الائنس (PWA) کے اراکین کی جانب سے کی گئی، جو ناروے کی سیاسی جماعت “پارٹیٹ سینٹرم” سے وابستہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پراپرٹی خریدنے والوں کے لیے اچھی خبر، آئی ایم ایف ٹیکس میں ریلیف دینے پر آمادہ
یہ پہلا موقع نہیں جب عمران خان کا نام نوبل امن انعام کے لیے سامنے آیا ہو۔ اس سے قبل 2019 میں بھی انہیں پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کے فروغ کی کوششوں کے اعتراف میں نامزد کیا گیا تھا۔
اس وقت پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک قرارداد بھی پیش کی گئی تھی، جس میں عمران خان کے اس فیصلے کو سراہا گیا تھا جس کے تحت انہوں نے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو امن کی علامت کے طور پر رہا کیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا تھا۔
نوبل کمیٹی ہر سال دنیا بھر سے سینکڑوں نامزدگیاں وصول کرتی ہے۔ اس کے بعد چھ ماہ کے اسکریننگ اور فیصلہ سازی کے عمل کے بعد انعام کے حتمی فاتح کا اعلان کیا جاتا ہے۔