کراچی میں ڈمپر کا قہر، بہن بھائی جاں بحق جبکہ باپ شدید زخمی

کراچی

رخ پاکستان: کراچی کے مصروف علاقے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم بدقسمتی سے 22 سالہ لڑکی ماہ نور اور 14 سالہ لڑکا علی رضا راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ دونوں بہن بھائی تھے۔ ان کے والد اسپتال میں تاحال زیرِ علاج ہیں.

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے نان فائلرز پر بینک سے رقم نکلوانے پر0.8 فیصد ٹیکس عائد کردیا

حادثے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا۔ غم و غصے سے بھرے شہریوں نے نہ صرف موٹر سائیکل کو کچلنے والے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ غصے میں آ کر کم از کم سات ڈمپروں کو آگ بھی لگا دی۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ راشد منہاس روڈ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جان بحق بچوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ڈمپر ڈرائیور کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں اور پرامن طریقے سے انصاف کے منتظر رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں