9 مئی کیسز میں شاہ محمود قریشی بری جبکہ دوسرے رہنماوں کو 10،10 سال قید کی سزائیں

شاہ محمود قریشی

رخ پاکستان: لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے جڑے مزید دو اہم مقدمات کا فیصلہ سنا دیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف کے کئی سینئر رہنماؤں کو سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی رہنماوں یاسمین راشد، میاں محمود الرشید ، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چودھری کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ سزائیں جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے اور شادمان تھانے کو آگ لگانے سے متعلق کیسز میں دی گئیں۔

اسی فیصلے میں پی ٹی آئی کی خواتین رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو شادمان تھانے پر حملے کے الزام میں 5، 5 سال قید کی سزا دی گئی ہے جب کہ عائشہ بھٹہ کو جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں نذرِ آتش کرنے کے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دونوں مقدمات میں بری کر دیا۔ ان پر بھی انہی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا مگر ثبوت ناکافی ہونے پر وہ بری ہو گئے۔

عدالتی فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن جلانے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے ان مقدمات میں مجموعی طور پر 18 افراد زیرِ سماعت تھے جن میں سے 12 کو بری کر دیا گیا۔ ان میں سے چار کو کم عمر ہونے کی بنیاد پر رہا کیا گیا ہے۔

یہ فیصلے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے سلسلے میں آنے والے کئی عدالتی فیصلوں کا تسلسل ہیں جن میں تحریک انصاف کے درجنوں رہنما اور کارکنان مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں