پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، بھارت نے دریائے چناب اور ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا

سیلاب

رخ پاکستان: پنجاب کے دریاؤں میں شدید طغیانی کے باعث سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ چناب اور ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں سیکڑوں دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

ضلع سیالکوٹ میں حالات خراب ہونے پر 80 اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے، جب کہ بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کو دوہری پریشانی کا سامنا ہے۔ نہ صرف گھروں میں پانی بھر گیا ہے، بلکہ متاثرہ علاقوں میں بیماریاں بھی پھیلنے لگی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سندھ میں سیلاب، تقریبا 1700 دیہات متاثرہونے کا خدشہ

ادھر بھارت نے ایک بار پھر بغیر اطلاع دیے ستلج میں پانی چھوڑ دیا ہے، جو کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کو اس بارے میں سفارتی ذرائع سے بعد میں اطلاع دی گئی۔

ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بند ٹوٹنے کے باعث تقریباً 60 بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں، جب کہ عارضی بند بھی ٹوٹنے کے قریب ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ڈی سی ملتان وسیم حامد سندھو کے مطابق شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس کے باعث 155 دیہات شدید متاثر ہیں۔ چناب میں خانکی ہیڈورکس اور قادرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 47 ہزار کیوسک، جب کہ ہیڈ تریموں کے مقام پر 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکپتن، الہٰ آباد، سیالکوٹ، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں بھی سیلابی پانی نے آبادیوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سیالکوٹ میں تعلیمی نظام درہم برہم ہو چکا ہے، اور اسکولوں کی بندش سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔

ساہیوال میں بارش سے لگائے گئے خیمے بھیگنے لگے ہیں اور متاثرین کا سامان خراب ہو چکا ہے۔ لاہور، قصور، چونیاں، منڈی بہاؤالدین اور دیگر اضلاع میں شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ جہانیاں میں گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور طلبہ کو اسکول پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلے اب سندھ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے لیے مزید بارشوں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے، جس سے صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں