رخ پاکستان: ایشیا کپ کا 17 واں ایڈیشن اس بار بھارت کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔ اس سے پہلے 16 ٹورنامنٹس ہو چکے ہیں جن میں کئی یادگار لمحات اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔
ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا تھا اور پہلی ٹرافی بھارت کے نام رہی۔ اب تک بھارت نے سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ جیتا ہے۔ سری لنکا 6 بار چیمپئن بنا جبکہ پاکستان نے 2 بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، بھارت نے دریائے چناب اور ستلج میں مزید پانی چھوڑ دیا
پاکستان کو پہلی کامیابی کے لیے خاصا انتظار کرنا پڑا۔ 2000 میں معین خان کی کپتانی میں قومی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر پہلی بار ایشیا کپ جیتا۔ دوسری بار پاکستان نے 2012 میں یہ اعزاز اپنے نام کیا، جب مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے فائنل میں میزبان بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 2 رنز سے ہرایا۔ اس میچ میں شاہد آفریدی نے شاندار کارکردگی دکھائی اور مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔
پاکستان تین بار ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا لیکن جیت نہ سکا۔ 1986، 2014 اور 2022 میں پاکستان فائنل تک تو پہنچا، مگر تینوں بار سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایشیا کپ کی تاریخ میں ایک بار بھارت اور ایک مرتبہ پاکستان ایونٹ کا حصہ نہیں بنے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تیسری بار ہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے قبل 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ مختصر فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔