وفاقی حکومت کا 126 ممالک کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ آج رات 12 بجے پاکستان کی نئی ویزا پالیسی شروع ہو جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت دنیا کے 126 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے اور ویزا حاصل کرنا بہت آسان بنا دیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ اب ویزا لینے کا عمل بہت سادہ ہوگا۔ پاکستان کے لیے ویزا 90 دن کے لیے دیا جائے گا۔ 126 ممالک کے شہری ایک سادہ فارم بھر کر آسانی سے ویزا حاصل کر سکیں گے اور فارم میں صرف 30 سوالات ہیں جن کے جواب دینے پر فوراً ویزا جاری کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے ہسٹری میوزیم کا نام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام پر رکھ دیا گیا
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ ہمارا ملک بہت خوبصورت ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں آئیں۔ خلیجی ممالک کے رہائشیوں کو صرف اپنا پاسپورٹ دکھانا ہوگا اور انہیں فوراً ویزا مل جائے گا۔ ہم دنیا کے لیے اپنے دروازے کھول رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:فضا علی مارننگ شو میں ایتھلیٹ کے کاندھوں پر سوار، سوشل میڈیا پر تنقید
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کی آمد سے متعلق سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا جائے گا، اور سیاحوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتیں مل کر سیاحوں کی سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کر رہی ہیں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے نے زبردست ترقی کی ہے، اور سیاحوں کے لیے سستی اور معیاری رہائش فراہم کی جائے گی۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا اعزاز 1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ سے بھی بڑا ہے۔ انہیں ریاست کی طرف سے شاندار خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ارشد ندیم جلد ملتان سے نور خان ایئر بیس پہنچیں گے جہاں کابینہ کے ارکان ان کا استقبال کریں گے۔
مزید پڑھیں:ارشد ندیم کی انعامی رقم پر کتنا ٹیکس لگے گا؟ ایف بی آر نے بتادیا
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے گھر جا کر انہیں مبارکباد دی۔ حکومت کا مقصد ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ قومی ہیروز کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ مشکل وقت میں متحد ہوتی ہے اور خوشی کے مواقع پر بھرپور طریقے سے خوشیاں مناتی ہے۔ لوگوں کو منفی رویوں سے گریز کرنا چاہیے اور ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن منانا ایک اچھی بات ہے۔